لاہور میں نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے قیام کیلئے 74 ارب 92 کروڑ روپے فنڈزکی کلئیرنس دے دی گئی ہے۔
پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ہیلتھ سیکٹر کی 3 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 15 ارب 73کروڑ 63لاکھ 52ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری جبکہ 74 ارب 92 کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیم کی کلئیرنس دے دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں لاہور کے جناح ہسپتال میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام (ترمیمی) کیلئے 8 ارب 83کروڑ 75لاکھ 33ہزار روپے، جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں خصوصی طبی آلات کی فراہمی کیلئے 6 ارب 88کروڑ 91لاکھ 62 ہزار روپے اور ٹیچنگ ہسپتالوں کی ماسٹر پلاننگ کی فزیبلٹی سٹڈی (پی سی II) کیلئے 96لاکھ 57ہزار روپے شامل ہیں جبکہ ہیلتھ سیکٹر کی سکیم لاہور میں نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے قیام (ترمیمی) کیلئے 74 ارب 92 کروڑ 1 لاکھ 40 ہزار روپے کی کلئیرنس دے کر اُس کی حتمی منظوری کیلئے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کو بھجوا دی۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔






