ڈی سی لاہور کی ہدایت پر انارکلی کی مچھلی منڈی حرنین پورہ منتقل! عدالتی حکم کی تعمیل کے لئے انتظامیہ کا کریک ڈاؤن

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی خصوصی ہدایت اور نگرانی میں انارکلی کی پرانی مچھلی منڈی کو حرنین پورہ میں قائم نئی مچھلی منڈی میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ انارکلی کے رہائشی گزشتہ کئی دہائیوں سے مچھلی منڈی کی وجہ سے شدید مسائل کا شکار تھے۔ صفائی کی ابتر صورتحال اور بدبو نے ان کی زندگی اجیرن کر دی تھی۔ اس صورتحال کے پیش نظر، ڈی سی لاہور نے منڈی کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ معزز عدالت نے مچھلی فروشوں کو 31 جنوری 2025 تک انارکلی میں اپنے گودام اور سٹور روم رکھنے کی اجازت دی تھی، تاہم عدالتی مہلت ختم ہونے کے بعد بھی مچھلی فروشوں کی جانب سے کاروبار جاری رکھنے پر انتظامیہ نے کارروائی کی۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے کی نگرانی میں سرکلر روڈ لوہاری گیٹ پر غیر قانونی مچھلی فروشوں کے خلاف آپریشن کیا گیا اور مارکیٹ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ مارکیٹ کے شیڈز ہٹا دیئے گئے ہیں اور وہاں مچھلی فروخت بند کرنے کا بورڈ لگا دیا گیا ہے۔ اب کسی کو بھی مارکیٹ کے باہر کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس کے لیے رات کے وقت پولیس اور ٹریفک ڈیوٹی تعینات کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 94 آڑھتی پہلے ہی نئی مچھلی مارکیٹ میں منتقل ہو چکے ہیں۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ شہر کی صفائی اور شہریوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ معزز عدلیہ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button