سیکرٹری فنانس پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی منصوبے ’’ مریم کی دستک ‘‘ کے تحت نمائندوں کی رجسٹریشن کا افتتاح کر دیا

سیکرٹری فنانس پنجاب مجاہد شیر دل نے عوام کو سرکاری خدمات انکی دہلیز پر فراہم کرنے کے منصوبے ’’ مریم کی دستک ‘‘ کیلئے نمائندوں کی رجسٹریشن ایپ ’’ دستک فیسیلیٹیٹر‘‘ کا افتتاح کر دیا۔’’مریم کی دستک‘‘ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی نے وضع کیا ہے جس کے تحت دستک نمائندے شہریوں کو ڈومیسائل‘برتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر عوامی خدمات انکی دہلیز پر مہیا کریں گے۔ ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف، ڈائریکٹر جنرلز ساجد لطیف، وقار قریشی، صائمہ شیخ اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ شہری آئی او ایس اور اینڈرائڈ پر موجود ’’دستک فیسیلیٹیٹر‘‘ ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے بطور دستک نمانئدہ خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ اہلیت کیلئے عمر 18 سال سے زائد، انٹرمیڈیٹ، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، موٹر سائیکل، موبائل فون، اور انٹرنیٹ ڈیٹا ہونا ضروری ہیں۔ دستک نمائندے گھروں میں جا کر فارم پُر کرنے سے لیکر دستاویزات کی حتمی ترسیل کے ذمہ دار ہوں گے۔ سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل نے کہا کہ منصوبے کے باعث شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات ملے گی اور وقت کی بچت ہو گی۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے کہا کہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد شارٹ لسٹ کیے گئے امیداروں کو پی آئی ٹی بی تربیت دے گا۔ سکریننگ میں 70 فیصد سکور کرنے والے امیدوار ہی خود کو دستک نمائندہ رجسٹر کروا سکیں گے۔ دستک نمائندے آمدنی میں اضافے کیلئے اپنی سہولت کے مطابق فل ٹائم یا پارٹ ٹائم کام کر سکیں گے۔ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، ای سٹیمپ پیپرز، پراپرٹی ٹیکس، ٹوکن ٹیکس، موٹر گاڑی کی رجسٹریشن، موٹر گاڑیوں کی ٹرانسفر جیسی خدمات گھر بیٹھے حاصل کی جا سکیں گی۔ مریم کی دستک منصوبے کے تحت شہری اپنی مرضی کے وقت، تاریخ اور جگہ پر سروس کے حصول کیلئے آن لائن بکنگ کرا سکیں گے جس کے بعد دستک کا نمائندہ ان کی لوکیشن پر بھیجا جائے گا۔ مریم کی دستک اقدام کا مقصد تمام شہریوں خاص طور پر معذور افراد، خواتین اور بزرگوں کو گھر کی دہلیز پر سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

سرکاری خدمات کی اپوائنٹمنٹس دستک موبائل ایپ‘ دستک ویب پورٹل یا دستک ہیلپ لائن 1202 ڈائل کر کے بک کی جا سکیں گی۔ تقریب میں بتایا گیا کہ دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع ہونے کے تین سے چار ہفتوں کے بعد لاہور میں سروسز کی ہوم ڈیلیوری پائلٹ فیز کے طور پر شروع کی جائیگی۔ پائلٹ فیز میں کامیابی کے بعد دستک ہوم ڈیلیوری سروسز منصوبے کو پنجاب کے تمام اضلاع میں پھیلایا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button