*انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کی محکمانہ بریفنگ، جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم*

سیکریٹری انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان دلدار احمد ملک کو محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹوریٹ اور سیکریٹریٹ کے حوالے سے الگ الگ تفصیلی محکمانہ بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن احسان اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن فاروق احمد خان نے محکمے کی کارکردگی، اہداف اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے جامع بریفنگ پیش کی۔اس موقع پر ادارے کے دیگر آفیسران بھی شریک تھے۔

سیکریٹری انفارمیشن دلدار احمد ملک نے محکمے کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ اطلاعات کی ترسیل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کو مزید مؤثر بنانے اور میڈیا کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنے کے لیے مختلف اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔سیکریٹری انفارمیشن نے محکمے کے استعداد کار کو مزید بڑھانے کیلئے ڈویژنز کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی دفاتر کے قیام کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے ادارے کے زمہ داران کو محکمے کے سروس اسٹرکچر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کے ساتھ منصفانہ پالیسی اپنائی جائے گی اور، روٹیشن کی بنیاد پر اشتہارات کی تقسیم کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔سیکریٹری انفارمیشن نے مزید کہا کہ عوام تک صحیح اور بروقت معلومات کی فراہمی محکمے کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے جدید ڈیجیٹل ذرائع کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے محکمے کے تمام افسران و عملے پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ سرکاری اطلاعات کی مؤثر ترسیل ممکن ہو سکے۔اس موقع پر سیکریٹری انفارمیشن گلگت بلتستان نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ محکمے کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور جدید تقاضوں کے مطابق انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے نظام کو ترقی دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button