سیالکوٹ ائیرپورٹ سے حج آپریشن کا آغاز،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پہلی پرواز سے جانے والے عازمین حج کو رخصت کیا

سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے حج آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 717 اتوار کو 301 عازمین حج کو لیکر حجاز مقدس پہنچ گئی۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عازمین حج کو رخصت کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی رانا عبدالستار، رانا عارف ہرناہ، چوہدری فیصل اکرام، چوہدری نوید اشرف، چیئرمین سیالکوٹ ائیر پورٹ سہیل سعید برلاس، چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی، ڈائریکٹر حج آپریشن وسطی پنجاب محمد رضوان، انچارج حج آپریشن سید مجیب اکبر اور اے ایس ایف کے افسران بھی موجود تھے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مجموعی طور پر پندرہ پروازوں کے ذریعے 4055 عازمین حج سعودی عرب جائیں گے۔ ان میں سے 12 پروازیں پی آئی اے جبکہ تین پروازیں ائیر سیال چلائے گی۔ حج آپریشن 8 جون تک جاری رہے گا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عازمین حج کو سفر حج پر روانگی کے موقع پر مبارکباد دی اور کہا کہ

 

بیت اللہ کے حج کی سعادت آپ پر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں کے نمائندے ہیں۔ خشوع و خضوع سے ارکان حج کی ادائیگی، سعودی قوانین کی پابندی کریں اور نظم و ضبط کی پابندی کریں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان نے حاجیوں کی رہائش، ٹرانسپورٹ، میڈیکل سے متعلق بہترین انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button