اسسٹنٹ کمشنر آفس ڈسکہ میں محرم الحرام اور مون سون کے انتظامات پر میٹنگ ہوئی جس میں

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں 57 کروڑ 2 لاکھ 78 ہزار روپے کی لاگت سے ڈسکہ سٹی کی 5 روڈ کی از سر نو تعمیر شروع کردی گئی ہے، 31 اگست تک یہ تمام منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے۔ پسرور روڈ ، وزیر آباد روڈ، کالج روڈ اور بنک روڈ کی تعمیر جاری ہے جبکہ جامکے روڈ پر ٹرنک سیور لائن ڈالی جاری ہے جس کے فوری بعد روڈ کی بحالی اور تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے حلقہ انتخاب پی پی 51 میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مون سون کی بارشوں سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔
رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف، ڈاکٹر رومان عاشر میاں، میاں نعیم اختر، محمد افضل منشاء سٹی صدر ڈسکہ بھی موجود تھے۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ محمد اقبال سنگھیڑا، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی، چیف آفیسر بلدیہ ڈسکہ الفت شہزاد سمیت بلدیہ ڈسکہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ڈسکہ میں سیوریج کا جامع منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ جبکہ پہلے سے موجود نالوں اور ڈی سلٹنگ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کی ممکنہ طوفانی بارشوں سے نمٹنے کیلئے فلڈ ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔ میونسپل کمیٹی ڈسکہ پیشگی انتظامات مکمل کریں، نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے سیور لائن کی مسلسل صفائی کی جائے، ڈسپوزل اسٹیشن چالو حالت میں ہونے چاہئیں اور بیک اپ پر اسٹینڈ بائی جنریٹر ہونا چاہئے جبکہ ڈی واٹرنگ سیٹ اور آپریٹرز کا تحریری ڈیوٹی روسٹر جاری کیا جائے۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محرم الحرام اور مون سون کے انتظامات کو براہ راست مانیٹر کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں جلوسوں کے روٹس کو کلیئر رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے تمام ڈیپارٹمنٹ انتظامیہ سے قریبی روابط قائم رکھیں اور اس ضمن میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔





