کمشنر لاہور زید نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کا تیسرا دن ہے آج بھی صفائی ٹیمیں صبح پانچ بجے سے فیلڈ میں مصروف کار اور متحرک ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ عید کے پہلے 2 دنوں میں صرف لاہور شہر سے 35 ہزار ٹن آلائشیں بروقت اٹھاکر ڈپنگ سائٹس پر منتقل کی گئیں جبکہ پوری ڈویژن کے چاروں اضلاع لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ اور قصور میں 48 گھنٹوں میں 59 ہزار2سو33 ٹن آلائشیں بروقت ڈمپنگ سائٹس پر انلوڈ کی گئیں۔
کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے احکامات کے تحت صوبائی وزراء اور انتظامیہ پوری ڈویژن میں متحرک ہیں، لاہور سمیت پوری ڈویژن میں صفائی کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی دھلائی و عرق گلاب کا چھڑکاو بھی جاری ہے اور یہ عمل زیرویسٹ ہونے تک جاری رہے گا، آج عید کے تیسرے روز کے اختتام کے ساتھ ہی شہروں کو زیرو ویسٹ کردیا جائے گا۔
کمشنر لاہور نے کہا ہے دو دنوں میں عید صفائی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 20 لوگوں کے خلاف مقدمات درج اور 55 ہزار کے جرمانے بھی کئے گئے، شہریوں کی اکثریت نے ذمہ داری کا ثبوت دیا اور آلائشیں بیگز میں ڈال کر ٹیموں کے حوالے کیں، شہریوں نے صفائی میں انتظامیہ اور صفائی ورکرز کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں 24 ہزار سے زائد صفائی ہیروز تین شفٹوں میں صفائی آپریشن پر مامور ہیں، کسی بھی شکایت یا معلومات کیلئے شہری ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں۔






