ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت ایل ڈی اے ریونیو جنریشن بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس کاشف عمران نے اہداف کے حصول بارے بریفنگ دی۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے تمام سیکشنز کے اہداف کے مطابق ٹارگٹ کے حصول کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ٹاؤن پلاننگ ونگ کو ریکوری مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن پلاننگ کے تمام ڈائریکٹرز فیلڈ میں متحرک نظر آئیں۔ کمرشل فیس کے نادہندگان اور غیرقانونی استعمال کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیے جائیں۔مالی سال کے اختتام سے قبل نادہندگان سے ریکوری یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں آئندہ آکشن اور قرعہ اندازی بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ایل ڈی اے آئندہ قرعہ اندازی میں ایل ڈی اے سٹی، سبزہ زار اور گجرپورہ کے پلاٹ آسان اقساط پر قرعہ اندازی میں رکھے گا۔ایل ڈی اے سٹی اے ون، جی ون اور بی ون میں ایک کنال کے 40 رہائشی پلاٹوں کی قرعہ اندازی ہو گی۔گجرپورہ کے ڈی ون بلاک میں 5 مرلہ کے کمرشل 10 پلاٹ، 3 مرلہ کے کمرشل 12 پلاٹ شامل ہونگے۔ سبزہ زار سی بلاک میں 1.34 مرلے کے کمرشل 14 پلاٹ بھی شامل کیے گئے ہیں۔شہریوں کو تین سال کی 12 مساوی اقساط میں ادائیگی کر نے کے سہولت دی گئی ہے۔ پلاٹوں کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی6 مئی 2025ء کو منعقد کی جائے گی۔اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی کے مجوزہ ریونیو پلان اور ڈویلپمنٹ چارجز کی ریکوری بارے بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ، ڈائریکٹر فنانس، چیف ٹاؤن پلانر ون، چیف ٹاؤن پلانر ٹو، ڈائریکٹر آکشن، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی نے شرکت کی۔