ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ خواتین کو صحت کے حوالے سے باخبر رکھنا معاشرے کی مجموعی فلاح کے لیے نہایت اہم ہے، بریسٹ کینسر ایک ایسا مرض ہے جو بروقت تشخیص اور آگاہی کے ذریعے قابلِ علاج ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ خواتین میں اس حوالے سے شعور پیدا کیا جائے،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی میئر کراچی نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں خلقِ خدا ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کے ایم سی کے محکمہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار میں سٹی کونسل کے ایم سی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر جمن دروان، محکمہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے ڈائریکٹر محمد شاہد، خلقِ خدا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن سمیرا جاوید، ہانیہ کاشف،سول سوسائٹی کے نمائندوں،سماجی کارکنوں اور کے ایم سی کی خواتین ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نہ صرف شہری سہولیات کی فراہمی بلکہ عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے بھی ایسے مثبت اور مفید پروگرامز کی حوصلہ افزائی کرتی ہے،

انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت سے متعلق آگاہی سیمینارز معاشرتی ترقی کا اہم جزو ہیں کیونکہ ایک صحتمند عورت ہی صحتمند خاندان اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے،اس موقع پر ماہرینِ صحت نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بریسٹ کینسر دنیا بھر میں خواتین میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے، تاہم بروقت تشخیص اور علاج سے شفا ممکن ہے، سیمینار سے ڈاکٹر فضاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات میں تبدیلی، سوجن یا درد شامل ہو سکتے ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، انہوں نے خود معائنہ (Self-Examination) کے طریقے سے بھی خواتین کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ہر عمر کی خواتین کو اپنی صحت کا باقاعدہ معائنہ کروانا چاہیے، ڈاکٹر فضاء نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے علاج کے طریقے پہلے کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور آسان ہو چکے ہیں،اگر خواتین سال میں کم از کم ایک مرتبہ میڈیکل چیک اپ کروائیں تو بیماری کے پھیلاؤ کو ابتدائی مرحلے میں روکا جاسکتا ہے،سیمینار سے سابق وزیر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر سے نمٹنے کے لیے آگاہی کا فروغ سب سے اہم قدم ہے، انہوں نے حکومتِ سندھ اور سماجی اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اردگرد خواتین میں اس مرض کے حوالے سے آگاہی پھیلائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین بروقت تشخیص اور علاج کے لیے تیار رہیں، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے پروگرام کے منتظمین، ماہرینِ صحت اور کے ایم سی کی خواتین ملازمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ کے ایم سی آئندہ بھی ایسے سیمینارز کے انعقاد میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی تاکہ خواتین کو رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے،آخر میں آگاہی مہم کے سلسلے میں معلوماتی مواد تقسیم کیا گیا اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی کمیونٹی میں اس پیغام کو آگے بڑھائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس مرض سے بچاؤ کے بارے میں معلومات حاصل ہوں۔






