چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کے روز اسلام آباد شہر سے پیپر ملبری درختوں کی کٹائی اور موسم بہار شجر کاری مہم 2025 کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں ماہر ماحولیات رضوان محبوب، باکو ٹیم کے ماہرین ماحولیات سمیت سی ڈی اے انوائرمنٹ ونگ کے سنئیر افسران نے شرکت کی.

چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پیپر ملبری درختوں کی کٹائی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے. انہوں نے کہا کہ ماحول دوست درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے کیو نکہ ہم گرین اسلام آباد اور گرین پاکستان پر یقین رکھتے ہیں.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پیپر ملبری درختوں کو تلف کرکے ماحول دوست پودے جن میں لوکاٹ، امرود، انجیر، خوبانی، دھریک، دیسی توت، ارجن، املتاس، کچنار، چیکرنڈہ، میپل لیف، زیتون، سکھ چین، آملا اور دیگر اقسام کے پودے لگائے جائیں.اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر F-9 پارک سے پیپر ملبری کے تقریباً 5072 چھوٹے، بڑے پودوں کو تلف کرکے تقریباً 10 ہزار نئے درخت لگائے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ F-9 پارک سے پیپر ملبری کے پودوں کی تلفی کے بعد تقریباً 30 ہزار ماحول دوست پودے موسم بہار میں لگائے جائیں گے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ پیپر ملبری درختوں کو پولن الرجی کے سبب ترجیحی بنیادوں پر تلف کیا جائے. انہوں نے کہا کہ عوام الناس میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے پودوں اور درختوں کی فہرست سی ڈی اے ویب سائٹ پر بھی آویزاں کی جائے.اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شکر پڑیاں کے مقام سے تقریباً 10 ہزار پیپر ملبری کے پودوں کو تلف کرکے 50 ہزار ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے. اسی طرح نالوں اور سڑکوں کے اطراف سلوپس سے بھی تقریباً 1000 پیپر ملبری کے پودوں کو تلف کرکے 80 ہزار مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے پودے اور درخت لگائیں جائیں گے.اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد کے دیگر سیکٹرز سے بھی مجموعی طور پر 10 ہزار پیپر ملبری کے پودوں کو تلف کرکے 50 ہزار پودے لگائے جائیں گے.اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ رواں برس شجرکاری مہم کے تحت پرائیویٹ اور کارپوریٹ سیکٹر کو بھی شجرکاری مہم کا حصہ بنایا جارہا ہے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ رواں برس موسم بہار میں پیپر ملبری کے خاتمے کو یقینی بناکر پھلدار، سایہ دار اور پھولدار درخت لگائے جائیں اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام کو بھی شامل کیا جائے.چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ مارگلہ ہلز پر شجرکاری کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر سپرے اور بیج پھینکے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کو فروغ دینے کیلئے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ہدایت جاری کی جائیں. انہوں نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت قائم سستے بازاروں میں بھی پودوں کے سٹالز لگائے جائیں. انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف میڈیا کو بھی شامل کیا جائے.اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کے تقریبا 15 ہزار افسران و ملازمین اپنے ڈائریکٹوریٹس کے ذریعے ایک ایک ماحول دوست پودا لگائیں گے کیونکہ سی ڈی اے عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہے.






