سیکرٹری بلدیات پنجاب میاں شکیل احمد کا دورہ مری،ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی اجلاس اور مختلف منصوبہ جات کا معائنہ

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے ضلع مری کا اہم دورہ کیا، جس کا مقصد ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا اور ان کے بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔

دورے کے دوران سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈپٹی کمشنر مری نے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر مری، اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مری سمیت دیگر ضلعی و تحصیل سطح کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر مری نے اجلاس کے شرکاء کو ضلع بھر میں جاری مختلف منصوبہ جات، ان کی موجودہ صورتحال، فنڈز کے استعمال اور تکمیل کی متوقع تاریخوں سے آگاہ کیا۔ منصوبوں میں سڑکوں کی مرمت، سیاحتی مقامات کی بہتری، صفائی ستھرائی کا نظام، اور شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔

اجلاس کے بعد، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد نے کھنی تاک، کشمیر پوائنٹ اور دیگر جاری منصوبہ جات کا فیلڈ وزٹ بھی کیا، جہاں انہوں نے موقع پر موجود افسران اور کنٹریکٹرز سے ترقیاتی کاموں کی رفتار، معیار اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ مری کے رہائشیوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے مری کی انتظامیہ کی محنت، عزم اور خدمت کے جذبے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مری ایک اہم سیاحتی مقام ہے اور حکومت پنجاب اس کی بہتری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل نہ صرف مقامی آبادی کی زندگیوں میں بہتری لائے گی بلکہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کو بھی مضبوط کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مری جیسے حساس اور اہم علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے، اور لوکل گورنمنٹ کا محکمہ اس حوالے سے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں زیادہ سے زیادہ موجودگی یقینی بنائی جائے۔

جواب دیں

Back to top button