ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کا تحصیل شالیمار کا تفصیلی دورہ، جی ٹی روڈ، شادی پورہ، سلامت پورہ کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل شالیمار کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جی ٹی روڈ، شادی پورہ، سلامت پورہ اور ان کے اطراف کے علاقوں کا بذات خود جائزہ لیا۔

اس دورے میں چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیہ، ایسسٹنٹ کمشنر شالیمار، ڈبلیو ایم سی اور واسا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایسسٹنٹ کمشنر شالیمار محمد ثاقب ترازی نے ڈپٹی کمشنر کو علاقے کی موجودہ صورتحال اور صفائی کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو واضح ہدایات دیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مکمل ایمانداری سے نبھائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ روزانہ کی بنیادوں پر کوڑا کرکٹ جمع کر کے اسے مخصوص ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے تاکہ شہر میں صفائی کا بہتر نظام قائم ہو سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے صفائی کے نظام میں بہتری اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مضبوط منصوبہ بندی کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر ہدایت دی کہ رہائشی علاقوں میں موجود جھگیاں اور مویشیوں کو فوری طور پر منتقل کیا جائے کیونکہ یہ عوامی صحت کے لیے خطرناک ہیں۔

جواب دیں

Back to top button