وزیر اعلیٰ پنجاب کے ‘کلین لاہور’ وژن کو عملی جامہ پہنانے اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیہ اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ ذوہیب ممتاز کے ہمراہ تحصیل رائیونڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔


انہوں نے رکھ شیر دا کوٹ، کوٹ آرائیاں اور گرد و نواح میں صفائی، سیوریج اور دیگر انتظامی امور کا خود جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے ڈپٹی کمشنر کو محرم الحرام کی تیاریوں، صفائی مہم اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے ناقص انتظامات کی نشاندہی کی اور متعلقہ اداروں کو کارکردگی فوری بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے نظام کو پورے ضلع میں فعال کیا جائے اور سالڈ ویسٹ کو روزانہ کی بنیاد پر مخصوص ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی اور اسسٹنٹ کمشنر کو صفائی سے متعلق عوامی آگاہی مہم چلانے کا بھی حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوڑے کو آگ لگانے پر سخت کارروائی ہو گی اور رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کا فوری انخلا یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محرم الحرام سے قبل تمام جلوس روٹس پر بہترین انتظامات مکمل کرنے اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔






