پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی اور جی آئی زی کے اشتراک سے روانڈا سٹڈی وزٹ ڈی بریفنگ سیشن کا انعقاد

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) اور جرمن ترقیاتی ادارے GIZ کے اشتراک سے ”روانڈا سٹڈی وزٹ”پر ایک اہم ڈی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے لوکل گورنمنٹ افسران نے شرکت کی جنہوں نے روانڈا سٹڈی ٹور میں شرکت کی تھی۔سیشن میں میاں شکیل احمد (سیکرٹری بلدیات پنجاب)، ارشد آفریدی (سپیشل سیکرٹری، لوکل گورنمنٹ، کے پی)، سنجیو پوکھرال (پروگرام ہیڈ، جی آئی زی)نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ دیگر شرکا میں فضل اکبر (ایڈیشنل سیکرٹری، کے پی)، ابرار احمد (ڈائریکٹر لیگل، لوکل گورنمنٹ پنجاب) ملک منشا کے علاوہ پنجاب اور کے پی سے دیگر لوکل گورنمنٹ افسران نے شرکت کی۔پروگرام کے آغاز میں محمود مسعود تمنا، جنرل منیجرآئی ڈی،پی ایم ڈی ایف سی نے پروگرام کا تعارف اور اب تک کی سرگرمیوں پر پیش رفت سے شرکا کو آگاہ کیا۔سیکرٹری بلدیات پنجاب میاں شکیل احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے حکومت اور عوام کا باہمی اشتراک نہایت ضروری ہے۔ عوامی خدمت افسران کی اولین ذمہ داری ہے، اور لوکل گورنمنٹ افسران کو دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دینے چاہئیں۔اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دوسرے سے سیکھنے کے لیے بین الصوبائی سٹڈی ٹورز بھی ہونے چاہئیں تاکہ اچھے تجربات کو اپنایا جا سکے۔سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے پی، ارشد آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزٹ ہمارے افسران کے لیے ایک نادر موقع تھا جہاں انہوں نے عالمی سطح پر بہترین پریکٹسز کو قریب سے دیکھا۔ اس طرح کے تجربات نہ صرف ہمارے نظام کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ افسران کی سوچ کو بھی وسعت دیتے ہیں۔

پروگرام ہیڈ جی آئی زی، سنجیو پوکھرال نے کہا کہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی نے لوکل گورنمنٹس کی کیپسٹی بلڈنگ کے حوالے سے عمدہ کام کیا ہے، جس سے شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے معیار میں بہتری آئی ہے۔شرکاء نے روانڈا وزٹ کے دوران سیکھے گئے تجربات، ماڈلز اور خیالات کو شیئر کیا اور پنجاب و کے پی میں ان پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مشترکہ تجاویز بھی مرتب کیں۔اس موقع پر GIZ کی جانب سے عاصم شفیع (پروگرام کمپوننٹ منیجر)، عدیل اور صنم ارشاد (ایڈوائزر گڈ گورننس) نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button