ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے عشرہ محرم کے دوران شہریوں کو بہترین سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے تحصیل ماڈل ٹاؤن کا رات گئے دورہ کر کے عاشورہ کے انتظامات کا بذات خود جائزہ لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے ہمراہ کیے گئے اس دورے میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالباسط صدیقی اور دیگر حکام بھی شامل تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کے تمام راستوں پر صفائی ستھرائی اور مناسب روشنی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ جلوسوں اور مجالس کی مؤثر نگرانی کے لیے مرکزی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ عزاداری کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور جلوس کے راستوں پر ریسکیو اور طبی امداد کے کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور قانون کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ڈیوٹی پر تعینات عملے کی کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اس موقع پر کہا کہ عزاداروں کی سیکیورٹی اور سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ شہر میں بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ علماء کرام سے مکمل رابطے میں ہے۔ مجالس کے منتظمین نے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب پولیس کے بہترین تعاون، سیکیورٹی اور انتظامی امور پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کا شکریہ ادا کیا ہے۔






