ڈی سی لاہور کا ماڈل ٹاؤن کا اچانک دورہ، صفائی اور سیوریج کے انتظامات بہتر بنانے کے لئے ہدایات

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل ماڈل ٹاؤن کا اچانک دورہ کرتے ہوئے نیلم بلاک اور ففل حق روڈ کے علاقوں میں صفائی اور سیوریج کی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

اس دورے میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالباسط صدیقی، ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کے حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت متحرک اور کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے "کلین لاہور مشن” کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دیتے ہوئے، انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو شہر میں صفائی کے انتظامات فوری طور پر بہتر بنانے کا حکم دیا۔ ڈی سی لاہور نے تاکید کی کہ صفائی کا عملہ پہلی شفٹ میں دفتری اوقات سے قبل اپنا کام مکمل کرے اور واسا سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کوڑا کرکٹ روزانہ کی بنیاد پر اکٹھا کر کے مخصوص ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے اور گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ سید موسیٰ رضا نے کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات کو روکنے اور اس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ صفائی، نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر زندگی کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button