وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا ایل ڈی اے سٹی میں مویشی منڈی کا دورہ،چیف آفیسر ایم سی ایل علی عباس بخاری نے بریفنگ دی

وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں عارضی مویشی منڈیاں فعال ہونے کا آغاز ہو گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں بھی 7 عارضی مویشی منڈیوں نے کام شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پہلے ہی روز رات کے وقت ایل ڈی اے سٹی منڈی کا اچانک دورہ کر کے انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن سید علی عباس بخاری نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ ذیشان رفیق نے مویشی منڈی میں موجود بیوپاریوں اور خریداروں سے بھی بات کی اور چیف آفیسر کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر بلدیات نے بلدیہ عظمٰی لاہور کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ بیوپاریوں اور خریداروں کے لئے انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سیل پوائنٹس پر بہترین انتظامات کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گرمی میں خریداروں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے حکومت کی جانب سے مقررہ سیل پوائنٹس کے علاوہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بیوپاریوں کے لئے ٹینٹ اور دیگر سہولیات کے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ بلدیہ عظمی لاہور مویشی منڈی کو جانے والے راستے سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلے روز ہی خریداروں کی بڑی تعداد قربانی کا جانور لینے کے لئے منڈیوں کا رخ کر رہی ہے۔ انہوں نے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ پولیس سے رابطہ رکھتے ہوئے سیل پوائنٹس پر سکیورٹی انتظامات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button