صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے، مجالس و جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے اور زائرین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کی مرمت، روشنیوں کی تنصیب اور صفائی کے انتظامات کو بہتر طریقے سے انجام دینے کے لیے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس سیالکوٹ کے کانفرنس روم میں گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کی ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام اور ضلعی امن کمیٹیوں کے ممبران کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ڈی پی او فیصل شہزاد سمیت دیگر افسران شریک تھے۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ کا پیغام ہر دور کے مظلوم کے لیے حوصلہ اور ظالم کے لیے للکار ہے۔ اس مقدس مہینے میں ہمیں تفرقہ بازی سے گریز، اور صبر، تحمل و برداشت کو اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محرم کے دوران امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت اور نفرت پھیلانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، جب کہ مجالس اور جلوسوں میں ڈرون کوریج پر مکمل پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ علماء کرام کا معاشرے میں امن، بھائی چارے، صبر و برداشت کے فروغ میں کلیدی کردار ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ علماء کو چاہیے کہ وہ اپنے خطابات میں اتحاد و یگانگت کے پیغام کو عام کریں تاکہ معاشرہ امن و آشتی کا گہوارہ بن سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ اجتماعی پیغام دینا ہے کہ ہم دشمن کے ہر ہتھکنڈے سے باخبر بھی ہیں اور متحد بھی۔اجلاس کے بعد صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے امام بارگاہ اڈہ پسروریاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ سیکیورٹی برانچ اور ضلعی پولیس کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر فول پروف سیکیورٹی، صفائی، روشنی، پانی کی سبیلیں اور دیگر سہولیات ہر صورت مہیا کی جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ڈی پی او فیصل شہزاد، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر بھی موجود تھیں۔





