پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے منصوبوں کا جائزہ ،200 شہروں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبے شروع ہوچکے ہیں، ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے آفس میں اجلاس کے دوران صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے جاری اور نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی سید زاہد عزیز اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں نکاسی و فراہمی آب اور فلٹریشن پلانٹس کی سکیموں پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے تمام شہروں میں معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کے منصوبوں کی رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیراعلی نے سختی کے ساتھ ہدایت کی ہے کہ عوام کے عرصہ دراز سے زیرالتوا مسائل کا حل نکالا جائے۔ ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ورلڈ بینک پنجاب میں میونسپل خدمات کی فراہمی کے لئے فنڈنگ کر رہا ہے جبکہ پنجاب حکومت بھی ہر ممکن مالی وسائل فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات ورلڈ بینک کے تعاون سے کئی میگا پراجیکٹ آگے بڑھا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پنجاب کے 35 اضلاع کے 200 شہروں میں واٹر سپلائی، سیوریج کے منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔ پی ایم یو نے 100 شہروں کا مکمل ڈیٹا بیس بنا لیا ہے جبکہ 75 شہروں کے نقشے تیار ہیں۔ منصوبے کے تحت 41 شہروں کا ماسٹر پلان بھی مکمل ہوچکا ہے۔ اسی طرح 80 شہروں میں خراب ٹیوب ویلوں، فلٹریشن پلانٹس اور سیوریج لائن کی بحالی کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے پنجاب بھر کے ڈسپوزل سٹیشنوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سولر سلوشن کو مستقبل کے ہر منصوبے کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہروں اور قصبوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ اگلے سال تک مکمل ہو جائے گا۔ ورلڈ بینک سے منصوبے میں توسیع کی بھی درخواست کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button