مزید بارشوں کی پیشگوئی، واسا لاہور الرٹ – شکایات کے ازالے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی: ایم ڈی واسا غفران احمد

ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور میں مزید متوقع بارشوں کے پیش نظر ادارے کی تیاریوں اور شکایات کے مؤثر ازالے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ شہری شکایات کے فوری حل میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ شکایات کے حل کے حوالے سے "زیرو ٹالرنس پالیسی” پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایم ڈی واسا کا مزید کہنا تھا کہ تمام زونز کے ڈائریکٹرز اور ایکسیئنز اپنے اپنے علاقوں میں نکاسی آب آپریشن کا مکمل سروے کریں اور کسی بھی ممکنہ رکاوٹ کو دور کریں۔تمام گاڑیوں، مشینری اور جنریٹرز میں فیول کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ایمرجنسی میں تاخیر نہ ہو۔ تمام مرکزی پوائنٹس پر سٹاف کی موجودگی ہر وقت یقینی بنائی جائے تاکہ فوری ریسپانس دیا جا سکے۔ مزید برآں ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ تمام آپریشنل سٹاف اور افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران یونیفارم میں موجود رہیں اور تمام مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس پر سٹاف کو ہمہ وقت متحرک رکھا جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے واضح کیا کہ واسا لاہور ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے تاکہ شہریوں کو مون سون سیزن میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس مقصد کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔

جواب دیں

Back to top button