چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت چینی کی قیمتوں، گندم کے ذخائر، سیلاب متاثرین کو اسناد کی فراہمی اور مون سون کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سندھ سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی اور گندم کی قیمتوں، سیلاب متاثرہ خاندانوں کو "سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز (SPHF)” پروگرام کے تحت اسناد کی تقسیم، اور مون سون سیزن سے قبل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری زراعت، سیکریٹری خوراک، سیکریٹری عملدرآمد و رابطہ (I&C)، اور سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن نے شرکت کی، جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

*چینی کی قیمتوں کے ضابطے*

اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریٹیل سطح پر اس میں زیادہ سے زیادہ 8 روپے منافع شامل کیا جائے، یعنی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلوگرام سے تجاوز نہ کرے۔

انہوں نے واضح ہدایت دی کہ اس قیمت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ اگر کوئی ریٹیلر زائد قیمت وصول کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، جبکہ اگر کوئی شوگر مل مقررہ ایکس مل ریٹ سے زائد قیمت پر چینی فروخت کرتی پائی گئی تو اس مل کا ڈیٹا مرتب کرکے وزیراعظم آفس کو بھجوا دیا جائے گا۔

*گندم کے گوداموں کا معائنہ*

چیف سیکریٹری نے گندم کے ذخائر کے سلسلے میں تمام کمشنرز کو ہدایت کی کہ سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام گوداموں میں موجود گندم کے ذخائر کا تفصیلی معائنہ کیا جائے۔ معائنہ کے دوران گندم کے معیار اور حالت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ تین دن کے اندر رپورٹ پیش کریں۔

*سیلاب متاثرین کو اسناد کی فراہمی*

چیف سیکریٹری نے سیلاب متاثرہ افراد میں SPHF پروگرام کے تحت ملکیتی اسناد کی تیاری اور تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ تیار شدہ اسناد کا تازہ ترین ریکارڈ فوری طور پر فراہم کریں۔ ساتھ ہی SPHF کے سی ای او کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسناد کے ڈیٹا کو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر ہم آہنگ کریں تاکہ تقسیم کا عمل شفاف اور درست ہو۔

*مون سون کی تیاری*

مون سون سیزن کے پیش نظر، چیف سیکریٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ممکن تیاری یقینی بنائیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اس مقصد کے لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو فنڈز جاری کیے جائیں گے تاکہ تیاریوں اور ہنگامی اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔چیف سیکریٹری نے اجلاس کا اختتام کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام انتظامی سطحوں پر باہمی ہم آہنگی، بروقت کارروائی اور شفاف حکمرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود اور مؤثر سروس ڈلیوری کو ممکن بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button