*گھوڑوں کی مقامی نسلوں کے تحفظ و فروغ کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کا اہم اجلاس*

محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد گھوڑوں کی مقامی نسلوں کی شناخت، ان کے ظاہری و نسلی خواص کے تعین اور بین الاقوامی سطح پر ان کی ترویج کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، سید عاشق حسین کرمانی نے کی،

جس میں پنجاب بھر سے ممتاز ہارس بریڈرز، بروکس پاکستان کے نمائندگان , ویٹرنری یونیورسٹی کے ماہر ڈاکٹرز اور محکمہ لائیو سٹاک کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مقامی نسلوں کے خالص خواص کو دستاویزی شکل دینے، معیاری افزائش نسل کو فروغ دینے، اور بین الاقوامی سطح پر ان کی نمائندگی یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ماہرین نے اس امر پر زور دیا کہ گھوڑوں کی دیسی نسلوں کے مکمل ڈیٹا ریکارڈ مرتب کرنا ناگزیر ہے تاکہ ان نایاب نسلوں کو معدوم ہونے سے بچایا جا سکے۔سیکرٹری لائیو سٹاک، احمد عزیز تارڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک نہ صرف مقامی نسلوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے بلکہ گھوڑوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور تشخیصی سہولیات کی بہتری پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ڈائریکٹر جنرل ریسرچ، ڈاکٹر سجاد حسین نے بتایا کہ پنجاب کی تمام ضلعی ڈائگنوسٹک لیبارٹریز گھوڑوں میں پیراسائٹس اور دیگر امراض کی بروقت تشخیص کے لیے جدید سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مقامی نسلوں کی بقاء اور فروغ کے لیے مربوط کوششوں اور باہمی اشتراک عمل کی ضرورت ہے، تاکہ پاکستان کے قیمتی نسلی اثاثوں کو عالمی سطح پر تسلیم کروایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button