کراچی فش ہاربر میں تجاوزات کے خلاف روزانہ آپریشن اور صفائی مہم جاری

صوبائی وزیر لائیواسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی کی ہدایت پر کراچی فش ہاربر میں روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف آپریشن اور صفائی ستھرائی کی بھرپور مہم جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد ہاربر کے ماحول کو بہتر بنانا، ٹریفک کی روانی بحال کرنا اور ماہی گیروں کے لیے سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر کراچی فش ہاربر اتھارٹی نے بتایا کہ ہاربر کے اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے، سڑکوں کو مکمل طور پر صاف اور کلیئر کر دیا گیا ہے، جبکہ کچرا، ملبہ اور نکاسی کے مسائل کے حل کے لیے بھی خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ کراچی فش ہاربر صوبے کی ماہی گیری اور فش انڈسٹری کا دل ہے، یہاں صفائی، نظم و ضبط اور تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف ماہی گیروں بلکہ تاجروں اور خریداروں کو بھی بہتر سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات ماہی گیری کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حکومتی وژن کا حصہ ہیں۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کو مانیٹر کیا جائے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے، اور دوبارہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔ محمد علی ملکانی نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی فلاح اور ماحولیاتی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فش ہاربر کو ایک ماڈل ہاربر کے طور پر ترقی دینا ہمارا ہدف ہے جہاں صفائی، نظم، سہولت اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مینجنگ ڈائریکٹر فش ہاربر اتھارٹی کے مطابق، روزانہ اسپرے، کوڑا کرکٹ کی تلفی، اور صفائی کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ مزدور اور ماہی گیر اپنی جگہوں کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

Back to top button