ڈپٹی کمشنر لاہور کاچونگی امر سدھو، چندرائے روڈ، کچا جیل روڈ اور ماڈل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں کا دورہ

ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے نئے عزائم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انتظامیہ نے صفائی، سیوریج، اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، جن سے شہریوں کو نمایاں سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے حال ہی میں چونگی امر سدھو، چندرائے روڈ، کچا جیل روڈ اور ماڈل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی امور کا جائزہ لیا اور فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔ چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالباسط صدیقی نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔سید موسیٰ رضا نے صفائی اور سیوریج کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو فوری اصلاحات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو صاف ستھرا بنانا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کا عمل روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنانے اور صفائی کا کام دفتری اوقات سے قبل مکمل کرنے کے احکامات دیے گئے۔ اس کے علاوہ، شہر سے بینرز، پوسٹرز اور دیگر تجاوزات کے فوری خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا۔ رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کے باڑوں کو ہٹانے کے لیے بھی فوری عمل درآمد کی ہدایت دی گئی۔سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے واسا حکام کو واضح ہدایات دی گئیں کہ تمام شکایات فوری حل کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ ان اقدامات سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کے معیار زندگی میں بھی بہتری آ رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی یہ کوششیں لاہور کو ایک مثالی شہر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔

جواب دیں

Back to top button