پاکستان کو ہر جگہ فاتح سمجھا جانے سے بھارت تلملاہٹ کا شکار ہے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے جشن آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم اس دفعہ جشن آزادی معمول سے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔ بھارت کی معرکہ حق کے بعد سفارتی محاذ پر مسلسل ہزیمت اور پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے ہر پاکستانی خوش ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ 10 مئی کو افواج پاکستان نے قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے دشمن پر کاری ضرب لگائی اور اس کے گھنائونے عزائم کو لگام ڈال دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کو حالیہ عرصے کے دوران زبردست تقویت ملی ہے۔ پاکستان کو ہر جگہ فاتح سمجھا جانے سے بھارت تلملاہٹ کا شکار ہے۔ دریائوں میں بغیر اطلاع پانی چھوڑنا بھارت کی اسی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام بھارت کے ایسے ہتھکنڈوں سے ہرگز پریشان نہیں۔ وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت شہریوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ آج کے دن ہمیں آپریشن بنیان مرصوص والی ملی یکجہتی قائم رکھنے کا عزم کرنا ہوگا کیونکہ قوموں کی ترقی و خوشحالی اتحاد سے ہی جڑی ہوتی ہے۔ انشااللہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور وہ منزل جلد حاصل کرے گا جس کے لئے یہ ملک قائم کیا گیا تھا۔

جواب دیں

Back to top button