کمشنر بلتستان ڈویژن نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقے روندو بغیچہ اور سدپارہ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے تحصیل روندو کے علاقے باغیچہ اور جگلوٹ اسکردو روڈ (JSR) پر واقع اس رابطہ پل کا معائنہ کیا جو سیلاب کی شدت سے بہہ گیا ہے۔دورے کے دوران کمشنر نے موقع پر موجود ایف ڈبلیو او (FWO) اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ (Communication & Works Department) کی جانب سے جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بحالی کا عمل تیز کیا جائے اور جلد از جلد متبادل راستے اور پل کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں کمشنر بلتستان نے سدپارہ واٹر چینل کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیا، جو سیلاب کی وجہ سے بند ہوا تھا۔ واٹر چینل کی بندش سے سکردو شہر کو پانی اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ اس موقع پر کمشنر نے واٹر چینل کی فوری صفائی اور مرمت کے کام کو تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور بجلی کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔






