وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ ، راشن بیگ اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش سے لدے 10 ٹرک روانہ کردیے۔مرادعلی شاہ نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے فوری امدادی اقدامات کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا حکومت سے رابطے کے بعد چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ کو ان کی ضروریات کے مطابق واٹر فلٹریشن پلانٹ کے پی بھیجنے کی ہدایت کی اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے راشن بیگ اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش سے لدے 10 ٹرک فوری روانہ کرنے کا حکم دیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اس مشکل وقت میں خیبرپختونخوا میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے گلگت بلتستان کے گورنر سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے بھی ممکنہ مدد کے لیے گلگت بلتستان سی ایم سیکریٹریٹ سے رابطہ قائم کیا۔
مراد علی شاہ نے گلگت بلتستان میں انسانی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت علاقے کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت گلگت بلتستان کے اپنے بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔






