شہر کو سیلاب سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں،ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا

ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمت عملی اپنائی ہے۔ انتظامیہ نے شہر کو سیلاب سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شاہدرہ اور سگیاں والا بائی پاس کا دورہ کر کے ایمرجنسی اور ریسکیو انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر راوی، اور ریسکیو 1122 کے حکام بھی موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دریائے راوی میں فی الحال 40 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے، جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں 60 ہزار کیوسک پانی کے ریلے کی توقع ہے۔سید موسیٰ رضا نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں اور مکمل تیاری یقینی بنائیں۔ انہوں نے نشیبی علاقوں سے آبادی کے انخلاء کے لیے جامع پلان تیار کرنے اور ریلیف کیمپوں میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ دریائے راوی کے اطراف مشینری اور عملے کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔ سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی انتظامیہ مؤثر طریقے سے سیلابی صورتحال سے نمٹے گی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حفاظتی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پیشگی اقدامات سے ممکنہ خطرات پر قابو پالیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button