مین ہول کورز چوری میں ملوث مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں،سپیشل برانچ کی مدد حاصل کی جائے،سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل

پنجاب میں منظم مین ہول چور مافیا کے متحرک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مین ہول کورز کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانون سازی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے اس حوالے سے واسا پنجاب کو اہم احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مین ہول کورز چوری کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے لیے قید اور بھاری جرمانے متعارف کرائے جائیں گے۔اور ہدایت کی کہ ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے تمام اضلاع کی اسپیشل برانچ ٹیموں کی مدد حاصل کی جائے جبکہ تمام ایم ڈی واساز اپنے اپنے اضلاع میں مافیا کا سراغ لگانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ خصوصی ٹیموں کے ذریعے موجودہ مین ہولز کی فوری نشاندہی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ مین ہول کورز چوری میں نشے کے عادی افراد کی تعداد کم جبکہ ایک منظم مافیا زیادہ سرگرم ہے، جو اس ابہام کا سالوں سے فائدہ اٹھاتا آ رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مین ہول مافیا کو شکنجے میں لانے کے لیے سخت قوانین متعارف کرائے جائیں گے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع میں قوانین کا یکساں نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button