وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کی انڈر 18 قومی شطرنج چیمپئن مہک مقبول سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ایک دلچسپ اور متاثر کن شطرنج کاکھیل کھیلا۔ مہک مقبول حال ہی میں شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ چیس چیمپئن شپ میں ٹائٹل یافتہ کھلاڑی ہیں ۔مہک مقبول نے بہت ہی کم چالوں میں وزیراعلیٰ سندھ کو چیک میٹ کیا اور میچ جیت لیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی کافی جرأت مندانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہر جیتنے والے کے لیے 1 لاکھ روپے کا اعلان کیا، جن میں مہک مقبول جوکہ انڈر 18 کیٹیگری میں فرسٹ پوزیشن (ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول، زندگی ٹرسٹ کے زیرانتظام)، یمنہ صدیقی – انڈر 14 کیٹیگری میں دوسری پوزیشن(گورنمنٹ ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول) اور علینا صدیقی جوکہ انڈر12 کیٹیگری میں تیسری پوزیشن (گورنمنٹ ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول) شامل ہیں۔ ریا منجی انڈر 10 کیٹیگری میں اور محمد عیسیٰ حسین انڈر 8 اور 9 کیٹیگری میں سیویتا اسکول کی طرف سے حصہ لیا۔ ان چیمپئن کا تعلق کراچی سندھ سے ہے۔

مہک ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کی طالبہ ہے جو کہ سندھ حکومت کا اسکول ہے جسے زندگی ٹرسٹ نے اپنایا ہے۔ تقریب سندھ کے سرکاری اسکولوں سے ابھرنے والے بے پناہ ٹیلنٹ کو تسلیم کرنے اور پاکستان میں دانشمندانہ کھیلوں کے فروغ میں سنگ میل کی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ، وزیر کھیل محمد بخش مہر، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری رحیم شیخ، سیکرٹری اسپورٹس عبدالعلیم لاشاری، آغا خان فاؤنڈیشن کے سلطان الانا، زندگی ٹرسٹ کے شہزاد رائے اور دیگر شطرنج کے ابھرتے ستارے مہک مقبول، یمنا صدیقی، علینا شامل تھے۔ ان طلباء نے قومی شطرنج کے میدان میں اپنی شناخت بنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ جب سرکاری اسکولوں کے طلباء کو مساوی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تو وہ ملک کے اعلیٰ نجی اداروں کے طلباء سے نہ صرف مقابلہ کر سکتے ہیں بلکہ ان سے بھی آگے نکل سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے نوجوان چیمپئنز پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم میں معیاری تبدیلی اور شطرنج جیسے اسٹریٹجک کھیل میں ان کی دلچسپی واضح ثبوت ہے کہ ہم کامیابی کی جانب گامزن ہیں۔مجھے اپنی ہار پر بھی فخر ہے کیونکہ ہمارے سرکاری اسکولوں کے طلباء کا قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہم سب کی جیت ہے ۔تقریب میں زندگی ٹرسٹ کے صدر نے شطرنج کا ایک جامع نصاب متعارف کرایا جو گریڈ 3 سے 8 تک کے طلباء کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس نصاب کو سندھ اور پاکستان کے تمام اسکول اپنا سکتے ہیں۔ اس کا مقصد شطرنج کو ایک تعلیمی نظم کے طور پر قائم کرنا ہے۔ اس سے ملک بھر کے طلباء میں تنقیدی سوچ، حکمت عملی کی منصوبہ بندی اور فکری ترقی کو فروغ ملے گا۔






