سموگ سیزن قریب ہے، کُوڑا جلانے والوں پر نظر رکھی جائے،سی ای اوز مختلف علاقوں میں کھلی کچہریاں بھی لگائیں، ذیشان رفیق کی ہدایت

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ سموگ کا موسم قریب ہے۔ کُوڑا کرکٹ کو آگ لگانے والوں پر نظر رکھی جائے۔ کسی جگہ کوڑا جمع نہ ہو بلکہ فوراً ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے۔ سول سیکرٹریٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سموگ سیزن کے اختتام تک ہم سب کو الرٹ رہنا ہوگا۔ پنجاب حکومت کے دیگر محکموں کی طرح محکمہ بلدیات بھی اس ضمن میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرے گا۔ وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے ستھرا پنجاب عاصم محمود، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب کی تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی افرادی قوت اور مشینری کی دستیابی پر غور کیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سی ای اوز سے کہا کہ ستھرا پنجاب سے متعلق محکمہ بلدیات کی جانب سے گاہے بگاہے جاری ہونے والی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کنٹریکٹرز کی موثر مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ کے دورے ضروری ہیں۔ سی ای اوز مختلف علاقوں میں کھلی کچہریاں بھی لگائیں کیونکہ شہریوں کے براہ راست فیڈبیک سے کارکردگی مزید بہتر ہوسکتی ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ہیلپ لائن پر موصولہ شکایات پر فوری ایکشن لے کر ڈیش بورڈ پر اپ ڈیٹ لوڈ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مانیٹرنگ سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر بلدیات نے محکمہ بلدیات کے مرکزی کنٹرول روم کو سموگ کے سدباب کے لئے کئے گئے اقدامات کی ہفتہ وار رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ سڑکوں کے کناروں پر گرد کی صفائی احتیاط کے ساتھ کی جائے کیونکہ گرد اڑنے کے باعث سموگ کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button