آزاد کشمیر سرمایہ کاری کے لیے ایک پُرکشش، محفوظ اور منافع بخش خطہ ہے،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سرمایہ کاری کے لیے ایک پُرکشش، محفوظ اور منافع بخش خطہ ہے، جہاں تجارت، صنعت، سیاحت، توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر فہد یعقوب ، ،سابق مشیر مرتضی درانی ،اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار طاہر ایوب ،چییرمین فاؤنڈر گروپ شیخ طارق سعید ،سینئر وائس پریذیڈنٹ طاہر ایوب ،وائس پریذیڈنٹ عرفان چوہدری ،ایگزیگٹو ممبرز نجیب ملک ،محمد ذوالقرنین عباسی ،سردار امجد اعظم ،محمد اسحق سیال ،صدر بزنس فورم عمران عزیز ، سمیت بزنس کمیونٹی موجود تھی ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ آزاد کشمیر سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمبر نہ صرف ملکی معیشت کے استحکام بلکہ پاک آزاد کشمیر معاشی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ لوگوں کی بہتری کیلیے کام کرنے کیلیے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں نے اس چیلنج کو قبول کیا ہے ،میں ریاست کیلیے کچھ کر کے جانا چاہتا ہوں ،آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی میرا مشن ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے خوشحال کشمیر خوشحال پاکستان کی نوید ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کم نہیں کر سکتا انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارت کے قبضے سے آزادی حاصل کریں گے اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آپٹیکل فائبر، ہائیڈل پاور پراجیکٹس، سیاحت کے فروغ اور آئی ٹی انقلاب کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری اور ملکی سرمایہ کار آزاد کشمیر کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور حکومت اس ضمن میں ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ امن، شفافیت اور گڈ گورننس حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کی دعوت بھی دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر سردار فہد یعقوب نے چیمبر کے صدر اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی آزادکشمیر میں ڈویلپ پوزیشن ہے ،اور ہر پاکستانی شہری کمپنی بنا کر ازادکشمیر میں بزنس کر سکتا ہے ، بجلی اور ٹیکس میں بہت انسینٹوو ہیں ،لاء اینڈ آرڈر بہت مثالی ہے جو کاروبار کیلیے اور سرمایہ کاری کیلیے بے حد مفید ہے جس سے روز گار کے مواقع پیدا ہونگے اور آزادکشمیر کے شہریوں کو فایدہ حاصل ہو گا ۔ صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ چیمبر آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم کے ترقیاتی وژن کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے امجد اعظم ،ڈاکٹر راشد الیاس ،طارق صادق نے بھی خطاب کیا اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا خیر مقدم کرتے ہوے انہیں اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سیاسی جمود کو توڑا ہے جس سے سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی ۔انہوں نے سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم کو شیلڈ پیش کی گئی جبکہ ظہرانے میں سینئر تاجروں، صنعتکاروں، چیمبر کے عہدیداران اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button