وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کی کانفرنس میں صفائی کے نظام کی آئوٹ سورسنگ کے پائلٹ پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) آفس میں ہونے والی کانفرنس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ (ایل جی & سی ڈی) ڈیپارٹمنٹ شکیل احمد میاں نے بھی شرکت کی۔ تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوزی نے اپنے علاقوں میں آئوٹ سورسنگ میں دلچسپی لینے والی نجی کمپنیوں کی پری کوالیفیکشن کی تفصیل بتائی۔ سی ای اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک جیسا صفائی کا نظام متعارف کرانا وزیراعلی مریم نواز کا ویژن ہے۔ اسی ویژن کے تحت پنجاب میں صفائی کا دیرپا اور موثر نظام رائج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کا بنیادی مقصد یکساں نظام صفائی کو عملی شکل دینا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ آج تک کسی حکومت نے دیہات میں صفائی پر توجہ دینے کی کوشش نہیں کی۔ اب پہلی مرتبہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی حکومت نے صوبے کی آبادی کی اکثریت کو صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ صفائی کے لئے ایسی کمپنیوں کا انتخاب کریں گے جو مطلوبہ نتائج دینے کی اہل ہوں گی۔ صوبائی وزیر نے سی ای اوز کو آئوٹ سورسنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ آئوٹ سورسنگ کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارا کردار ختم ہوگیا ہے۔ صفائی کے نئے ماڈل کی ہر سطح پر سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹریلوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ شکیل احمد میاں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں صفائی کی مشینری فعال حالت میں رکھیں۔ برسات کے موسم میں نالیوں کی ڈی سلٹنگ میں کوئی سستی نہ کی جائے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کمپنیوں کی ذمہ داریوں کا تعین کر لیا گیا ہے۔ صفائی کےطنئے ماڈل کو شہریوں کے تعاون کے ساتھ کامیاب بنایا جائے گا۔






