کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت ولی تنگی ڈیم سے مقامی آبادی کو پانی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سےاجلاس

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت ولی تنگی ڈیم سے مقامی آبادی کو پانی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، لیفٹیننٹ کرنل بدر خان (سی ایم ای ایس کوئٹہ)، پی ڈی 100 ڈیمز عرفان احمد، ایس پی سکیورٹی نعیم اچکزئی، ایس ڈی او ایریگیشن محمد اقبال خان، اسسٹنٹ کمشنر صدر کیپٹن (ر) محمد حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل سید کلیم اللہ سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ولی تنگی ڈیم سے پانی کی فراہمی، مقامی آبادی کے تحفظات، واٹر چینلز کی مرمت، ہیڈورکس کی بہتری، ڈسٹریبیوشن پوائنٹس کی اپ گریڈیشن اور واٹر مینجمنٹ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

مقامی آبادی کو ولی تنگی ڈیم سے بلا تعطل پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ واٹر چینلز کی فوری مرمت اور ڈسٹریبیوشن پوائنٹس کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے تاکہ پانی کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث واٹر چینلز اور پائپ لائنز کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے پانی کی ترسیل متاثر ہوئی، جبکہ بارشوں کی کمی نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ واٹر چینلز کی تعمیر و مرمت سے نظامِ فراہمی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں نئی ڈسٹریبیوشن چینلز، اڑک ہیڈ ورک کی بہتری اور ڈسٹریبیوشن پوائنٹس پر ریکارڈ میکانزم نصب کرنے سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ولی تنگی ڈیم سے پانی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مقامی آبادی کے تمام تحفظات دور کیے جائیں۔اجلاس میں واٹر مینجمنٹ سسٹم کو مضبوط بنانے، فنڈز کی فراہمی، اور ضروری مرمتی کاموں کی بروقت تکمیل کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

Back to top button