گوادر،سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان 2050 کے تحت رہائشی، تجارتی، صنعتی اور ساحلی زونز کی مرحلہ وار مائیکرو پلاننگ پر کام شروع

جی ڈی اے نجی شعبے کے اشتراک سے گوادر کو عالمی معیار کا جدید اور پائیدار شہر بنانے کیلئے پر عزم ہے، سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان 2050 کے تحت رہائشی، تجارتی، صنعتی اور ساحلی زونز کی مرحلہ وار مائیکرو پلاننگ پر کام شروع کردیا گیا ہے، ڈی جی جی ڈی اے معین الرحمٰن خان ،گوادر کو عالمی معیار کے جدید، مربوط اور پائیدار شہر کے طور پر استوار کرنے کے عزم کے تحت آج ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی نے گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کی آبادی کی بنیاد پر تیار کردہ تفصیلی لینڈ یوز اور مائیکرو پلاننگ سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ نے بتایا کہ یہ ایک پاپولیشن بیسڈ ماسٹر پلان ہے، جس کے تحت شہر کو 14 ٹاؤن سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹاؤن میں نائیبروڈ کمیونٹیز قائم کی جائیں گی جن کے لیے مخصوص آبادی، انفراسٹرکچر وسائل اور سہولیات پہلے سے متعین ہیں۔ پلان کے مطابق ہر اسکوائر پر تقریباً 6 ہزار افراد کی گنجائش رکھی گئی ہے، جب کہ بجلی، گیس، پانی، سڑکوں، سیوریج اور دیگر یوٹیلیٹیز کی فراہمی کو متوازن انداز میں یقینی بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ پلان میں مائیکرو پلاننگ کی گائیڈ لائنز شامل ہیں تاکہ ماسٹر پلان کو عملی سطح پر نافذ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مائیکرو پلاننگ کے نفاذ کے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں جسمیں سرکاری زمین کے حصول کے ذریعے ترقیاتی کام، نجی شعبے یا کمپنیوں کے اشتراک سے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت ، مقامی لینڈ اونرز کے ساتھ باہمی تعاون کے ذریعے ترقیاتی عمل کی تکمیل زیر غور ہیں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے کہا کہ مائیکرو پلاننگ کے نفاذ میں نجی شعبے کی شراکت داری کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ جی ڈی اے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول، اعتماد کی فضا اور شفاف طریقہ کار فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں رئیل اسٹیٹ، سیاحت، تجارت اور صنعتی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور ادارہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر ترقی کے اس سفر کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان” کے تحت شہر کی متوقع آبادی 2050 تک تقریباً 20 لاکھ افراد تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔پلان میں ٹرانسپورٹ، انڈسٹری، رہائش، ماحولیات، ٹیکنالوجی اور گرینری کے تمام پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ گوادر کو خطے کا پہلا مکمل "سمارٹ پورٹ سٹی” بنایا جا سکے۔ اجلاس میں کنٹرولر بلڈنگز نظر محمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ عبدالرزاق نے بھی شرکت کی۔جی ڈی اے ترجمان کے مطابق، ادارہ اس منصوبے کے عملی نفاذ کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز، سرمایہ کاروں اور مقامی آبادی کو شامل کرتے ہوئے شفاف اور پائیدار ترقی کو یقینی بنائے گا۔

جواب دیں

Back to top button