چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی پیر کے روز جنوبی کوریا کے وفد سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ کورین وفد میں کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) اور جنوبی کوریا کے آبی ماہرین سمیت سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (PCRWR) سمیت ڈی جی اسلام آباد واٹر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ترجیح بنیادوں پر پائیدار حل اپنانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ملاقات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے حل اور مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد واٹر ایجنسی کا قیام شہر میں واٹر اور سیوریج کے بہتر نظام کیساتھ آبی وسائل کی ترقی اور پانی سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کیا گیا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پانی کی بچت اور زیر زمین پانی کی سطح کو بڑھانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں بارش کے پانی کو زیر زمین منتقل کرنے کیلئے اسلام آباد میں مختلف مقامات پر ابتدائی طور پر 100 بڑے ریچارج ویلز بنائے جارہے ہیں اور اسلام آباد کے قدرتی نالوں میں بہنے والے صاف پانی کو محفوظ کرنے کیلئے 20 بڑے ریزوائرز بنائے جائیں گے۔ اسی طرح اسلام آباد میں نئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر کے علاوہ نالوں سے آبی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے مختلف مقامات پر 11 ویٹ لینڈز بھی بنائی جارہی ہیں۔ملاقات میں پانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مستقبل میں مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کورین وفد نے زیر زمین پانی کے بہتر انتظام اور پانی کے معیار کی نگرانی کے نظام کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ جنوبی کوریا کے وفد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے ایک مربوط پلان کی تیاری کے حوالے سے اپنی تیکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ جنوبی کوریا کے وفد نے کہا کہ اسلام آباد میں آبی وسائل کی بہتر نگرانی اور رئیل ٹائم پانی کے وسائل کی نگرانی کا جدید نظام متعارف کروایا جائے گا۔ جنوبی کوریا کے وفد نے کہا کہ آبی وسائل کیلئے آٹومیٹک مانیٹرنگ کیلئے 110 پیزومیٹرز کی تنصیب کے حوالے سے منصوبے پر بھی کام کریں گے۔ اسی طرح ملاقات میں پروفیشنل و ٹیکنیکل کیپسٹی بلڈنگ کے حوالے سے بھی جنوبی کوریا کے وفد نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے ان منصوبوں کیلئے جلد عملدرآمد اور واضح ٹائم لائنز کا تعین کیا جائے۔ ملاقات میں دونوں اطراف نے باہمی تعاون اور تکنیکی معاونت سے اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے مشترکہ کاوشیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے نے ابی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ جنوبی کوریا کی تیکنیکی صلاحیتوں و تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔





