سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان کی چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر فنانس طاہر نعیم سمیت سی ڈی اے انجینئرنگ ونگ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔ملاقات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مختلف زیر تعمیر اور نئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جسمیں اسلام آباد میں فیڈرل الیکشن اکیڈمی اور دفاتر کی تعمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیڈرل الیکشن اکیڈمی اور دفاتر کی تعمیر کیلئے جلد ہی ٹینڈرنگ کے عمل کا آغاز کردیا جائے گا اور ٹینڈرنگ کے بعد اس منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا جائے گا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن آف
پاکستان میں پری فیبریکیٹڈ جم کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ملاقات میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں حفاظتی اقدامات کے تناظر میں فائر سیفٹی کے نفاذ کے پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فائر سیفٹی پلان کیلئے سروے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کے ٹینڈرنگ کے عمل میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے یقینی بنائی جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سی ڈی اے کی جانب سے فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں تاکہ کام کے اعلیٰ معیار اور تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان نے سی ڈی اے کے اسلام آباد میں ڈویلپمنٹ اور بیوٹیفکیشن کیلئے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور مسلسل رابطے سے نہ صرف الیکشن کمیشن کے زیر تعمیر منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جاسکے گا بلکہ آنے والے منصوبوں کا جلد آغاز کیا جاسکے گا۔ملاقات الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سی ڈی اے کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔





