ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ایم این اے چوہدری ارمغان سبحانی منعقد ہوا، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، ایم این ایز، ایم پی ایز محمد منشا اللہ بٹ، چوہدری طارق سبحانی، فیصل اکرام چوہدری، چوہدری خرم ورک، رانا فیاض احمد،
پولیٹیکل سیکرٹری ٹو وزیر بلدیات سید داؤد شاہ بخاری، میاں نعیم، میڈم شکیلہ جاوید آرتھر، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال، اے ڈی سی فنانس مظفر مختار، ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ انہار مرالہ ڈویژن کے افسران نے مون سون میں ممکنہ سیلاب کی صورت میں شہریوں کے جان و مال کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے علاقوں میں بارشوں کی صورت میں دریائے چناب، دریائے جموں توی اور دریائے مناور توی سے پانی سب سے پہلے ضلع سیالکوٹ کی حدود میں واقع ہیڈ مرالہ پہنچتا ہے، مرالہ ہیڈ ورکس سے گیارہ لاکھ کیوسک پانی کے اخراج کی گنجائش ہے، اریگیشن ڈیپارٹمنٹ نے پانچ مانیٹرنگ کیمپس قائم کر دئے ہیں پانی کی آمد و اخراج کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے نیز دریا کیساتھ تمام حفاظتی پشتے قابل اطمینان حالت میں ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 2023میں محکمہ انہار نے ماڈل سٹڈی کے بعد شہباز پور کے قریب نئے سٹرکچر بنانے کا منصوبہ منظوری کیلئے حکومت پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب ہر رکن اسمبلی کے علاقہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 295ملین روپے کے فنڈز فراہم کرے گی، ارکان اسمبلی ترجیحی لسٹ فراہم کریں گے۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے متفقہ طور پر اراکین اسمبلی کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے جلد قیام کے لئے اقدامات کی تجویز کی حمایت کی، رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی نے ڈالووالی میں گرلز کالج کے قیام کی تجویز دی۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد آصف نے بریفنگ دی۔