وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر I-15 میں مالکان کو پلاٹس کا قبضہ دینے کے حوالے سے جناح کنونشن سینٹر میں جمعرات کے روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کی جبکہ ڈی جی نیب راولپنڈی/ اسلام آباد وقار احمد چوہان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود گوندل، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، سی ڈی اے اور نیب افسران سمیت پلاٹس مالکان نے بھی شرکت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ڈی جی نیب راولپنڈی/ اسلام آباد وقار احمد چوہان نے پلاٹس مالکان کو پوزیشن دینے کے موقع پر مبارکباد کا اظہار کیا۔ واضح رہے، سیکٹر I-15 کے 10,200 میں سے 8,600 سے زائد ڈویلپڈ پلاٹس کا قبضہ دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جسکی مالیت 70 ارب سے زیادہ ہے۔ ابتدائی طور پر تقریب میں جمعرات کے روز سیکٹر I-15 کے 200 سے زائد مالکان کو پلاٹس کا قبضہ حوالے کیا گیا۔ سیکٹر I-15 کو خصوصی طور پر کم آمدن والے شہریوں کیلئے شروع کیا گیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ زیر التواء سیکٹر I-15 میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کرکے پلاٹس مالکان کو پوزیشن دینے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹر I-15 کی ڈویلپمنٹ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں نیب کا بھرپور تعاون بھی شامل رہا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سی ڈی اے اور نیب کے باہمی تعاون اور اشتراک سے سیکٹر I-15 کے الاٹیز کو انکے قانونی حقوق دلانے میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نیب کے تعاون سے سی ڈی اے سیکٹر I-15 کے 86,000 سے زائد پلاٹس کے قبضے کی ترسیل کے عمل کو حتمی شکل دے رہا ہے اور اس سلسلہ میں آج ابتدائی طور پر 200 الاٹیز کو پوزیشن سرٹیفکیٹس دئیے گئے ہیں۔ جبکہ باقی ماندہ الاٹیز کو انکے گھر کی دہلیز تک پوزیشن سرٹیفکیٹس فراہم کئے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد سے ہر قسم کی تجاوزات اور لینڈ سے متعلق مسائل کے خاتمے کیلئے سپارکو کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو خصوصی اہمیت بھی دی جارہی ہے۔ڈی جی نیب راولپنڈی/ اسلام آباد وقار احمد چوہان نے سیکٹر I-15 کے تمام الاٹیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے زیر التواء اس معاملے کو حل کرنے کیلئے سی ڈی اے کے اسٹیٹ ونگ اور نیب نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چیئرمین سی ڈی اے کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ڈی جی نیب راولپنڈی/ اسلام آباد نے کہا کہ تصدیقی عمل کے بعد تمام الاٹیز کو پوزیشن لیٹرز جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان بہترین تعاون اور کوآرڈینیشن سے تمام رکاوٹیں دور ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو انکے حقوق ملنے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ڈی جی نیب راولپنڈی/ اسلام آباد نے کہا کہ نیب راولپنڈی/ اسلام آباد نے سی ڈی اے کے ساتھ ملکر ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت کے فروغ کیلئے ایک نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت الاٹمنٹ لیٹرز بار کوڈ کے ساتھ جاری کئے جائیں گے تاکہ جعلی دستاویزات کی روک تھام کو ممکن بنایا جاسکے۔علاوہ ازیں، ہاؤسنگ سوسائٹیز کیلئے ایسکرؤ (Escrow) اکاؤنٹس کھولنا لازمی قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ ڈی جی نیب نے مزید کہا کہ ایسکرؤ (Escrow) میں الاٹیوں کے جمع شدہ فنڈز صرف متعلقہ سوسائٹی کی ترقیاتی سرگرمیوں پر ہی خرچ کئے جاسکیں گے۔اس موقع پر پلاٹس مالکان نے چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں سی ڈی اے کے قبضے کی حوالگی سے متعلق اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کا یہ اقدام نہ صرف رہائشی مشکلات کو حل کرے گا بلکہ دارالحکومت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ پلاٹس مالکان نے کہا کہ سی ڈی اے کی اس خصوصی کاوش پر ہم چیئرمین سی ڈی اے اور انکی پوری ٹیم کے انتہائی مشکور ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل نگرانی نے ہمارے خوابوں کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کا سی ڈی اے کی پالیسیوں پر اعتماد انکے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر C-14 سمیت دیگر زیر التواء سیکٹرز میں بھی ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز تر کردیا گیا ہے اور آنے والے چند ماہ میں پلاٹ مالکان کو قبضے حوالے کردئیے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس کیساتھ شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سیکٹر ڈویلپمنٹ بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔





