واٹر فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کی چیکنگ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی رہنمائی سے کی جائے گی،سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل

سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی ٹیکنیکل وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبہ بھر کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کی چیکنگ اور فوڈ سیفٹی اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ واسا کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کی چیکنگ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی رہنمائی سے کی جائے گی، جبکہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے فلٹریشن پلانٹس کے لیے بھی تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ملاقات میں اپنے ذاتی پیشہ ورانہ تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں صاف پانی کے بڑے منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں، جن کا مقصد عوام کو صحت مند اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

*“ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے میں فوڈ سیفٹی اقدامات عملی کردار ادا کرتے ہیں۔ ملاوٹ مافیا کا راستہ فوری طور پر روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بچوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔”*سیکٹری ہاؤسنگ کے مطابق کارروائیوں کے ساتھ ساتھ فوڈ بزنس آپریٹرز کی رہنمائی بھی نہایت اہم ہے، تاکہ معیاری اشیائے خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے *سکول نیوٹریشن پروگرام* کو انتہائی اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے مثبت اثرات مستقبل کی نسلوں کی صحت پر براہ راست پڑیں گے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ صوبہ بھر کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کو جدید میکانزم کے تحت چیک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ *“پنجاب میں فوڈ سیفٹی ریجیم متعارف کروانے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملاوٹ مافیا ایک ناسور کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کا راستہ روکنا نہایت ضروری ہے۔”*ڈی جی پی ایف اے کے مطابق دودھ، پانی، گھی، دالیں، سبزیاں اور دیگر مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے تسلسل کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button