لاہور(بلدیات ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب حکومت کی درخواست پر یونین کونسلوں کی حلقہ بندیاں روک دی ہیں۔قانون سازی کو حتمی شکل دینے کے لئے حکومت پنجاب کو چار ہفتوں کا وقت دے دیا گیا ہے۔صوبائی حکومت ایک ماہ کے اندرقانون سازی کا عمل مکمل کرے گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک مرتبہ پھر حسب معمول واضع کیا ہے کہ پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے عمل میں مزید تاخیر اور توسیع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پنجاب میں حلقہ بندیاں روکنے کی درخواست سیکرٹری بلدیات کی طرف سے الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریری جواب میں کہا ہے
کہ آئین کے آرٹیکل 140(A) کے تحت الیکشن کمیشن مقامی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات صوبائی حکومتوں کی طرف سے لوکل گورنمنٹ قوانین میں بار بار تبدیلیوں کی وجہ سے ابھی تک ایسا نہیں ہو سکا۔پنجاب حکومت کو قانون سازی مکمل کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی جاتی ہے جس کے بعد مزید تاخیر کی گنجائش نہیں ہوگی۔پنجاب حکومت دی گئی مقررہ مدت میں قانون سازی کو ختمی شکل دے کر ڈرافٹ الیکشن کمیشن کو بجھوائے گی ۔جس کے بعد حلقہ بندیوں کے لئے نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔