میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دریاخان گبول گوٹھ گڈاپ ٹاؤن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرِ انتظام تیار کیے گئے سولر سسٹم سے چلنے والے جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی،گڈاپ ٹاؤن کے یوسی چیئرمین مبارک گبول، سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید آر او پلانٹ کی تکمیل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوامی فلاحی وژن کی واضح مثال ہے، پیپلز پارٹی شہر میں ایسے منصوبے مکمل کررہی ہے

جن کا براہِ راست فائدہ شہریوں کو پہنچے گا،یہ پلانٹ زیرِ زمین پانی کو جدید ٹیکنالوجی سے صاف کرکے قابلِ استعمال بنائے گا جس سے رہائشی علاقوں میں صاف پانی کی مسلسل، باقاعدہ اور معیاری فراہمی یقینی ہوسکے گی، اس پلانٹ میں واٹر اسٹوریج کی گنجائش بھی یومیہ دس ہزار گیلن کی گئی ہے، میئر کراچی نے کہاکہ یہ پہلا آر او پلانٹ ہے جسے گڈاپ میں گھروں پر لائن کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فعال کردیا گیا ہے، اس سے نہ صرف آر او پلانٹ کے اردگرد کے علاقوں میں پانی فراہم کیا جارہا ہے بلکہ دیہات کی مختلف گلیوں میں 15 مقامات پر پانی کی لائنیں بھی بچھا دی گئی ہیں جس سے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، انہوں نے کہاکہ مزید 20 آر او پلانٹس کراچی کے مختلف دیہات میں نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو معیاری اور مسلسل پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے،میئر کراچی نے کہا کہ سولر سسٹم سے چلنے والا آر او پلانٹ کم توانائی خرچ کرتا ہے، کم لاگت اور پائیدار و ماحول دوست حل فراہم کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ کیماڑی کے علاقے گریکس میں بھی آر او پلانٹ قائم کیا گیا تھا اور اب شہر کے مضافاتی علاقوں میں اسی نوعیت کے مزید منصوبے شروع کیے جارہے ہیں تاکہ پورے شہر میں یکساں معیار کی سہولیات فراہم کی جاسکیں،انہوں نے کہا کہ کراچی کو جدید اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے ماحولیات کی بہتری اور گرین ہاؤس گیسوں میں کمی کے لیے بڑے اقدامات کیے جارہے ہیں جن میں واٹر سسٹم کی سولرائزیشن ایک اہم سنگِ میل ہے، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں استعمال ہونے والا فلٹریشن سسٹم جدید ترین عالمی ماحولیاتی اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے جو پانی کی کوالٹی بہتر بنانے اور آلودگیوں کے خاتمے میں مددگار ہوگا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ منصوبہ شہریوں کی صحت، ماحول کے تحفظ اور صاف پانی کی دستیابی کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرے گا،پانی کے مؤثر استعمال، اس کے ضیاع کی روک تھام اور جدید انفراسٹرکچر کی تکمیل بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے، شہر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کی رفتار میں تیزی لائی جارہی ہے، شہری سہولیات کے منصوبے وقت پر مکمل کرنا اولین ترجیح ہے،میئر کراچی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بدولت کراچی کو جدید، پائیدار اور ماحول دوست شہر بنایا جارہا ہے،عوامی ضروریات کے مطابق سہولیات پہنچانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اور ہم اس مشن پر بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔






