کے ایم سی شہید فائر فائٹر فرقان کے اہل خانہ کے لیے روزگار، تعلیم اور مالی استحکام کو یقینی بنائے گی،میئر کراچی مرتضٰی وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے فائر فائٹر فرقان کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور اس المناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔دورے کے دوران میئر کراچی نے لواحقین سے ملاقات کی، دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید فرقان کی بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فائر فائٹر فرقان نے غیر معمولی جرات، لگن اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جو قومی خدمت کی ایک شاندار مثال ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید فائر فائٹر کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاوضہ کسی عزیز کی کمی پوری نہیں کر سکتا، تاہم کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اس مشکل گھڑی میں خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔میئر نے مزید اعلان کیا کہ کے ایم سی شہید فرقان کی بیوہ کو ملازمت فراہم کرے گی تاکہ خاندان کا مستقل مالی استحکام یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ شہید کے بچے کی تمام تعلیمی اخراجات کے ایم سی برداشت کرے گی تاکہ ان کا مستقبل بغیر کسی رکاوٹ کے محفوظ رہے۔ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف اور احترام کے طور پر میئر کراچی نے اعلان کیا کہ ناظم آباد فائر اسٹیشن کو شہید فائر فائٹر فرقان کے نام سے منسوب کیا جائے گا، تاکہ ان کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے ہمیشہ ایک روشن مثال بنی رہے۔میئر کراچی نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ شہید فرقان کے تمام ریٹائرمنٹ سے متعلق مالی فوائد، تنخواہیں اور دیگر واجبات قواعد و ضوابط کے مطابق ان کی بیوہ کو باقاعدگی سے ادا کیے جاتے رہیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنے بہادر فائر فائٹرز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر مشکل صورتحال میں ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو ورکرز اور فائر فائٹرز کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت دی جائے گی اور محفوظ رکھا جائے گا۔ایم سی کراچی سید محمد افضل زیدی (پی اے ایس) اور دیگر سینئر افسران بھی تعزیتی دورے کے دوران میئر کے ہمراہ موجود تھے۔

جواب دیں

Back to top button