وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے میونسپل سروسز کی ادائیگی کے لئے ای بلنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا

​وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل گورننس ویژن کا دائرہ کار میونسپل خدمات تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ اب پنجاب کے 229 بلدیاتی اداروں کو بلز اور دیگر اقسام کی ادائیگی گھر بیٹھے کی جا سکے گی۔ اس جدید نظام کے تحت شہری اب میونسپل سروسز کی فیس اور دیگر چارجز کی ادائیگی موبائل بینکنگ اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے آسانی سے کر سکیں گے۔

ای بلنگ سسٹم کا افتتاح ایک تقریب کے دوران وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کیا۔​ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین، پنجاب بینک کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔​ای بلنگ نظام کو بینک آف پنجاب (BOP) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا ہے۔​پنجاب بینک صوبے کی 229 مقامی حکومتوں کی جانب سے بلڈنگ پلان فیس، دکانوں کا کرائے اور پانی کے چارجز سمیت دیگر واجبات وصول کرنے کا مجاز ہوگا۔

​وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ای بلنگ اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کے لئے ادائیگی کے عمل کو شفاف، تیز اور سہل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کی گزشتہ ڈیڑھ برس کی کارکردگی کو نہ صرف پورے پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے گورننس اور عوامی خدمات کے شعبوں میں حاصل کی گئی اہم کامیابیوں کا ذکر کیا اور بطور مثال عالمی جریدے “فوربز” کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیا جس نے ‘ستھرا پنجاب’ پروگرام کو دنیا کا ایک انتظامی چھتری تلے سب سے بڑا ویسٹ منیجمنٹ سسٹم قرار دیا۔

​ذیشان رفیق نے وزیراعلیٰ کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور ان کی ٹیم کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر نگرانی صوبے میں ای گورننس اقدامات پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔ یہ دائرہ کار آنے والے دنوں میں بتدریج وسیع ہوتا چلا جائے گا۔ شہریوں کو اب دفتروں کے چکر لگانے اور قطاروں میں لگنے کی زحمت نہیں اُٹھانا پڑے گی۔​چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ گورننس اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں ای گورننس کے اقدامات پر کامیابی سے عملدرآمد مضبوط ٹیم ورک کے باعث ہی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای بِز، ای ٹینڈرنگ ، ای فاس اور دیگر آئی ٹی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔​تقریب کے دوران وزیر بلدیات اور چیف سیکرٹری نے اس منصوبے کی تکمیل پر پنجاب بینک اور پی آئی ٹی بی کی ٹیموں میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

جواب دیں

Back to top button