ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا ڈاکٹر قاسم علی خان نے صوبائی حکومت کے وژن کے عین مطابق اور صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی مینا خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نادرا CRMS موبائل ایپ کا باضابطہ افتتاح ضلع پشاور سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موبائل ایپ کا مقصد عوامی خدمات خاص طور پر وائٹل رجسٹریشن اور سرٹیفکیشن کے عمل میں شفافیت، سہولت اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کا اعتماد بلدیاتی نظام پر مزید مضبوط ہو۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل بلدیات نے ضلع پشاور کے تمام تحصیل اسسٹنٹ ڈائریکٹران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں موبائل ایپ کی افادیت اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام افسران کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کا آغاز پشاور سے کیا جائے گا،

جس کے لیے ایک باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں اعلیٰ حکومتی و سرکاری حکام شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر قاسم علی خان نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جس طرح پشاور کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹران اور ان کی ٹیموں نے پاک صاف و شفاف خیبرپختونخوا مہم میں شاندار کارکردگی دکھائی، اسی طرح اس اہم منصوبے میں بھی وہ اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ بلدیات و دیہی ترقی تحصیل حسن خیل، ملک ارشد خان نے کہا کہ موبائل ایپ بلدیاتی نظام کی شفافیت میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اپنے حکام بالا کو یقین دہانی کرائی کہ اس صوبائی حکومت کے اس عوامی منصوبے کی کامیابی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ملک ارشد خان نے یہ بھی واضح کیا کہ پشاور کے تمام تحصیل اسسٹنٹ ڈائریکٹران—شبیر حسین، شاہ سعد خان، اشرف خان، وقار خان، ملکہ بیگم اور نازیش بی بی—اپنی ٹیموں کے ہمراہ دن رات محنت کرتے ہوئے اس پروگرام کی کامیابی کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔اسی سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک ارشد خان کی جانب سے تمام ویلیج کونسل سیکرٹریز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے 08 دسمبر 2025 کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں نادرا CRMS موبائل ایپ کے لیے تمام ضروری اقدامات 48 گھنٹوں کے اندر مکمل کریں۔ ان ہدایات میں بائیومیٹرک ڈیوائس کی خریداری یا فراہمی، IBAN تفصیلات اور اسکینڈ دستخط جمع کرانا، ڈیوائس کنفیگریشن، فیلڈ لیول تیاری اور نادرا و بلدیات عملے سے مکمل تعاون شامل ہیں۔ مزید برآں، وی سی سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی کونسل کی سطح پر عوامی آگاہی کے اقدامات بھی یقینی بنائیں۔واضح کیا گیا ہے کہ تمام سیکرٹریز 48 گھنٹوں کے اندر عملدرآمد مکمل کر کے اپنی تحریری رپورٹ دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر میں جمع کرائیں






