قرعہ اندازی، کرسمس کے موقع پر50 مسیحی ملازمین کو مقدس مقامات کی زیارت پر بھجوایا جائے گا،وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین

ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کے زیرِ اہتمام کرسمس کی مناسبت سے مسیحی ملازمین کو مقدس مقامات کی زیارت پر بھجوانے کے لیے قرعہ اندازی کی خصوصی تقریب جیلانی پارک لاہور میں منعقد کی گئی۔ قرعہ اندازی کے نتیجے میں 50 مسیحی ملازمین کو مقدس مقامات کی زیارت کے لیے بھجوایا جائے گا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین اورمیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے لاہور راجہ منصور احمدتھے۔ منتخب ہونے والے ملازمین ٹیکسلا اور راولپنڈی میں واقع مقدس مقامات کی زیارت کریں گے، جبکہ اس دورے کے تمام اخراجات پی ایچ اے لاہور برداشت کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ تمام اقلیتوں کے مقدس مقامات کا تحفظ اور ان کے حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کو برابر کے حقوق فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔تقریب میں اے ڈی جی ذیشان نصر اللہ رانجھا، ڈائریکٹر فنانس احمد سعید منج کے علاوہ چیئرمین اور وائس چیئرمین واسا پنجاب، میجنگ ڈائریکٹر واسا اور پی ایچ اے یونین کے نمائندگان بھی شریک تھے۔

جواب دیں

Back to top button