گلگت پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس گلگت کے صدور کی چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے ملاقات

گلگت پریس کلب کے صدر طاہر رانا اور گلگت یونین آف جرنلسٹس کی صدر کرن قاسم نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا سے ملاقات کی جس میں صحافی برادری کو درپیش دیرینہ مسائل، میڈیا انڈسٹری کو درکار سہولیات اور حکومتی سطح پر کیے گئے حالیہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صدر گلگت پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس نے صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل بالخصوص میڈیا سے وابستہ افراد کو درپیش مالی، انتظامی اور پیشہ ورانہ مشکلات کے ازالے پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ صحافیوں کے ساتھ لیزان اور قریبی رابطے میں رہا ہے، جس سے میڈیا اور حکومت کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہوئی ہے۔صدر نے کہا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے صحافیوں کے مسائل بروقت متعلقہ فورمز تک پہنچائے اور ان کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے واضح کیا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ آئندہ بھی صحافیوں کے ساتھ ہر مسئلے پر رابطے میں رہے گا اور میڈیا سے متعلق تمام امور میں صحافی برادری کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کا قابلِ عمل حل نکالا جائے گا اور کسی بھی شکایت کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ گلگت پریس کلب میں سولر انرجی منصوبہ فراہم کیا جائے گا تاکہ بجلی کے دیرینہ مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سولر منصوبے کی تکمیل سے پریس کلب میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہوگی، جس سے صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں سہولت ملے گی۔صدور نے ڈیجیٹل پالیسی ایڈورٹائزنگ پالیسی 2025 کی منظوری کو گلگت بلتستان کے میڈیا سیکٹر کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی سے ڈیجیٹل میڈیا کو باقاعدہ شناخت ملے گی اور اشتہارات کی تقسیم میں شفافیت آئے گی۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ پالیسی کے حوالے سے تمام میڈیا ہاؤسز کو باضابطہ بریفننگ دی جائے گی تاکہ ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی کے نکات، طریقۂ کار اور اہداف کو واضح کیا جا سکے اور میڈیا میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کا ازالہ ممکن ہو۔ملاقات کے اختتام پر گلگت پریس کلب، یونین آف جرنلسٹس اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور گلگت بلتستان میں صحافتی ماحول کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

Back to top button