چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے خلاف کارروائی کیلئے قائم کی گئی خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس

چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے خلاف کارروائی کیلئے قائم کی گئی خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس سید ناصر علی رضوی سمیت مختلف اضلاع راولپنڈی، اٹک، ہری پور اور مری کی ضلعی انتظامیہ و پولیس، وزارت داخلہ کے افسران، نادرا، پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں سے متعلق ابتک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ متعلقہ افسران نے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو اس سلسلہ میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف اضلاع سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو واپس بھیجنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس ضمن میں بتایا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کی زیادہ تر تعداد کو رضاکارانہ طور پر واپسی کو یقینی بنایا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو کرایہ پر گھر دینے والے مالک مکانوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائیوں کا عمل جاری ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس سلسلہ میں ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نقل و حرکت کو مکمل طور پر روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو بجلی سمیت دیگر یوٹیلٹیز کی فراہمی پر پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو کسی قسم کی رہائشی جگہ یا روزگار فراہم نہ کیا جائے۔انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بستیوں کو ختم کرنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی افراد کا جعلی دستاویزات پر کاروباری، طبی معاملات اور جعلی شناختی کارڈز کے حوالے سے بھی سخت کارروائی کی جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام گیسٹ ہاوسز اور مالک مکان اس امر کو یقینی بنائیں کے ان کی پراپرٹیز میں کوئی غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی رہائش پزیر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد ملک کو محفوظ بنانا اور شہریوں کو ایک پر امن اور پر سکون ماحول فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

Back to top button