*ایف ڈی اے کی سال 2025 میں بڑے شہری ترقیاتی اصلاحات کے ساتھ 310 ملین روپے کی ریکوری*

فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی سال 2025 کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جو سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نور الامین مینگل کی ہدایت پر جاری کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ایف ڈی اے نے شہری ترقی، انفراسٹرکچر، ماحولیات، عوامی سہولیات، مالی نظم و ضبط اور ڈیجیٹل اصلاحات کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت حاصل کی۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایف ڈی اے نے سالانہ بنیادوں پر 36 ترقیاتی منصوبے 100 فیصد مکمل کیے۔ پراپرٹی ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹائزیشن پلس (PULSE) کے ذریعے ملکیتی نظام کو شفاف بنایا گیا

۔ آن لائن نظام کے تحت 9,685 پی ایس آئی ڈیز کے ذریعے 48 کروڑ 58 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے۔جی آئی ایس بنیادوں پر کمرشل سڑکوں کے سروے کے نتیجے میں نادہندگان سے 31 کروڑ روپے کی ریکوری ممکن بنائی گئی۔ ماحولیاتی بہتری کے لیے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت 20 ہزار پودے لگائے گئے۔ سرکاری یوٹیلیٹی سائٹس کی فروخت کے ذریعے تقریباً 15 کروڑ روپے کی اضافی آمدن حاصل کی گئی۔اعلامیے کے مطابق عوامی سہولت اور شفافیت کے فروغ کے لیے جی ٹو پی اور جی ٹو جی آن لائن ادائیگی نظام مؤثر انداز میں نافذ کیا گیا۔ موصول ہونے والی درخواستوں کو بروقت نمٹاتے ہوئے زیر التواء کیسز کو صفر کر دیا گیا۔ منظور شدہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کا مکمل ریکارڈ ایف ڈی اے کی ویب سائٹ پر فراہم کیا گیا۔غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف مسلسل آپریشنز، مسماری اور قانونی کارروائیاں کی گئیں جبکہ منصوبہ بند شہری ترقی کے لیے بلڈنگ اور زوننگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔شہری کھیلوں اور تفریح کے فروغ کے لیے ایف ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس کی توسیع اور اپ گریڈیشن مکمل کی گئی۔ عبداللہ پور فلائی اوور پر جھمرہ روڈ ایگزٹ ریمپ مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا، جبکہ بجلی کی مکمل فراہمی یقینی بنا کر طویل عرصے سے درپیش مسائل حل کیے گئے۔ایف ڈی اے سٹی میں ڈی پی ایس کیمپس کی تکمیل کے بعد تعلیمی سیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ کے لیے ایف ڈی اے کے مرکزی دفتر کو سولرائز کیا گیا۔ مالی نظم و ضبط کے تحت ادارہ جاتی اخراجات میں کمی اور افرادی قوت کی مؤثر تنظیم نو بھی عمل میں لائی گئی۔شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے انسداد تجاوزات آپریشنز حکومتی ہدایات کے مطابق جاری رکھے گئے۔ ایف ڈی اے سٹی میں کشمیر کبڈی کپ اور پاک ویلز آٹو شو کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔اعلامیے کے آخر میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کا یکساں اور منصفانہ نفاذ تمام اضلاع میں یقینی بنایا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور معیاری شہری ماحول فراہم کیا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button