سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت حکومت سندھ کے ترجمانوں کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت سندھ کے ترجمان ہیر سوہو، نادر نبیل گبول، سمعتا افضال سید، سعدیہ جاوید، بلند خان جونیجو ، سکھدیو آسرداس ہمنانی، مخدوم فخر زمان، عبدالواحد ہالیپوٹو اور تحسین عابدی نے شرکت کی۔ جبکہ سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈائریکٹر اطلاعات محمد یوسف کابورو اور سارنگ لطیف چانڈیو بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں پیپلز ہاؤسنگ اسکیم، این آئی وی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی، پیپلز بس سروس، پنک بس سروس، شاہراہ بھٹو، آٹزم سینٹرز سمیت حکومت سندھ کے دیگر اہم منصوبوں کی تشہیر پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ پاکستان کا واحد صوبہ ہے جہاں عوام کی صحت اور بنیادی سہولیات پر سب سے زیادہ کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے اس وقت بھی 21 لاکھ لوگوں کو گھر بنا کر دیئے جا رہے ہیں، بجلی کا بل ادا کرنے کی سکت نہ رکھنے والوں کو حکومت سندھ کی جانب سے سولر سسٹم فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ مفت میں بجلی حاصل کر سکیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ ترجمان ہر محکمہ کی کارکردگی کو عوام کے سامنے لائیں۔






